امریکی اہداف پر حملے کی صورت میں ایران کو سخت جواب دیں گے، ٹرمپ
2020-01-05 16:38:47
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چار تاریخ کو جاری ایک بیان میں ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر کسی امریکی اہلکار یا تنصیب کو نشانہ بنایا گیا تو امریکہ ایران کے باون اہم مقامات پر حملہ کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی دی کہ اگر امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے تو وہ اس کا سختی اور تیزی سے جواب دیتے ہوئے ایران میں باون مقامات کو نشانہ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو امریکی افواج کی جانب سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں کئے گئے ایک ڈرون حملے میں ایران کے پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کی ہلاکت کے بعد ایرانی رہنماوں کی جانب سے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔