ایران نے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے آخری اقدام کا بھی اعلان کردیا
2020-01-06 11:36:50
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے اتوار کے روز دوہزار پندرہ کے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے پانچویں اور آخری اقدام کا اعلان کردیا۔
ایران کی حکومت کے اعلان کے مطابق ایران جوہری معاہدے سے علیحدگی کے اپنے پانچویں اقدام میں جوہری معاہدے کے" سینٹیری فیوج کی تعداد پر پابندی" سے الگ ہورہا ہے۔
اعلان میں کہا گیاہے کہ اب ایران اپنے جوہری پروگرام میں کسی بھی عملی پابندی کا پابند نہیں ہے خواہ وہ افزودگی کی سطح ہو ، معیار ہو، افزودہ مواد کی مقدار ہو یا اس پر تحقیق اور فروغ ہو۔ اب سے ایران کا جوہری پروگرام اپنی تکنیکی ضروریات کے مطابق آگے بڑھے گا۔
تاہم ایران کی حکومت نے کہا کہ وہ اب بھی جوہری معاہدے میں واپس جانے کیلئےتیار ہے اس شرط پر کہ ایران مخالف پابندیاں ہٹائی جائیں اور جوہری معاہدے کے مطابق اس کے معاشی مفادات کا تحفظ کیا جائے۔