چین کی ایران اور امریکہ سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل
حال ہی میں ایرانی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ اس بارے میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے سات جنوری کو بیجنگ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ چین متعلقہ فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور صورتحال کو مزید بگاڑنے سےگریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ چین مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہے۔ خلیجی خطے میں صورتحال کا مزید بگاڑ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا دنیا کے لیے ناگزیر ہے۔ چین کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ تمام فریقین کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہنا چاہیے ۔تمام ممالک کی آزادی ، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرناچاہیے اور مشرق وسطی میں امن و استحکام برقرار رکھنا چاہیے۔ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ طاقت کا غلط استعمال نہ کرے۔ اسی کے ساتھ متعلقہ تمام فریقوں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور جتنی جلد ممکن ہو مکالمے اور مشاورت کی راہ پر واپس آئیں۔