عراق کے سابق وزیر مواصلات نئے وزیراعظم نامزد
عراقی صدر برہم احمدصالح نے یکم تاریخ کو سابق وزیر مواصلات محمد توفیق علاوی کو نئی حکومت کا وزیر اعظم مقرر کردیا۔
عراقی خبر رساں ادارے کے مطابق ، علاوی اگلے تیس دنوں میں کابینہ تشکیل دیں گے اور کابینہ کی فہرست پارلیمنٹ میں غور کے لئے پیش کریں گے۔ علاوی نے اسی دن ایک بیان جاری کیا ، جس میں معیشت کو بحال کرنے ، بدعنوانی کے خلاف لڑنے، اور کابینہ کی تشکیل پر مختلف سیاسی جماعتوں کے دباؤ کو مسترد کرنے کا وعدہ کیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ اکتوبر دو ہزار انیس کے بعد سے ، حکومتی بدعنوانی ، نااہلی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف عراق کے مختلف حصوں میں مظاہرے شروع ہوئے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ دو ہزار تین کی عراق جنگ کے بعد نافذ اختیارات کے فرقہ وارانہ نظام میں اصلاح کی جائے ۔ یکم دسمبر دو ہزار انیس کو ، عراقی قومی اسمبلی نے وزیر اعظم عبدالمہدی کے استعفیٰ کی منظوری دے دی ، تب سے سیاسی جماعتوں میں نئے وزیر اعظم کی نامزدگی کے بارے میں اتفاق رائے حاصل نہ ہو سکا۔