عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کی طر ف سے وبا کو روکنے لیے بین الاقوامی تعاون کی اپیل
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گبریسس نے دس تاریخ کو جینیوا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وقت تک نوول کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی وبائی صورتحال میں بہتری آنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔عالمی ادارہ صحت مختلف ذرائع سے متعلقہ سائنسی تحقیقات کا انتظام کر رہا ہے ۔انہوں نے ایک بار پھر وبا کو روکنے لیے بین الاقوامی تعاون کی اپیل کی ۔
انہوں نے کہا کہ گیارہ تاریخ کو تحقیقات اور تخلیقات کا عالمی فورم شروع ہو رہا ہے۔ فورم میں نوول کرونا وائرس سے متعلق سائنسی تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔دوسری طرف ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کی ٹیم چین پہنچ چکی ہے۔توقع ہے کہ جلد زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ماہرین چین پہنچیں گے۔
وبا پر کنٹرول کے عمل کا ذکر کرتے ہوئے جناب ٹیڈروس نے کہا کہ ہمارا مقصد مکمل طور پر وبا کے پھیلاؤ پر قاپو پانا ہے۔ہم تمام ملکوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وبا کے زیادہ پیمانے پر پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ڈبلیو ایچ او بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیتا رہےگی تاکہ لوگوں کو خطرے سے بچایا جا سکے۔