نوول کرونا وائرس کی عالمی تحقیقات کے حوالے سے دو روزہ بین الاقوامی فورم میں مثبت پیش رفت
مقامی وقت کے مطابق بارہ فروری کو نوول کرونا وائرس کی عالمی تحقیقات کے حوالے سے دو روزہ بین الاقوامی فورم جنیوا میں اختتام پذیرہوا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گبریسس نے اسی روز منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فورم کو مختلف شعبوں میں مثبت پیش رفت حاصل ہوئیں ۔نوول کرونا وائرس انفیکشن کے نمونیا کے کیسز کی تعداد میں کمی آگئی ہے تاہم اب بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دو بارہ بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
مذکورہ دو روزہ فورم کا مقصد مختلف فریقوں کو اتفاق رائے تک پہنچا نا اور کرونا وائرس کے خلاف روڈ میپ تیار کرنا تھا تاکہ پوری دنیا کو اس وبا کے خلاف جدوجہد کے لئے متحد کیا جاسکے۔ اس فورم کے دوران دنیا بھر سے 400 سے زائد سائنس دانوں نے براہ راست یا آن لائن گفتگو میں حصہ لیا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گبریسس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں مختلف ممالک کے سائنسدانوں کو مثبت انداز میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی ادارہ صحت اب "کلینیکل ٹرائل" اور علاج پر مشتمل جامع منصوبہ تیار کر رہا ہے۔