افغانستان میں ۲۰۱۹کے دوران دس ہزار سے زیادہ شہری ہلا ک یا زخمی ہوئے،افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے معاون مشن کی رپورٹ
افغانستان کیلئے اقوام متحدہ کے معاون مشن نے ہفتہ کے روز جاری کیے گئے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ افغانستان میں ۲۰۱۹ کے دوران دس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ۔رپورٹ میں بتایا گیاہےکہ افغان تنازعہ کے مختلف فریقوں نے شہریوں کو ہلاک یا زخمی کیاہے دس ہزار میں ۳۴۰۳ کو ہلاک جبکہ ۶۹۸۹کو زخمی کیا گیا اور ان میں زیادہ تر شہریوں کو حکومت مخا لف فریقوں نے ہلاک یا زخمی کیاہے۔
یہ مسلسل چھٹا سال ہے کہ ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی تعداد دس ہزار سے زیادہ ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب افغانستان میں "تشد د میں کمی" کا ہفتہ چل رہاہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور مشن کے سربراہ تادا میچی یا ماموتو نے کہا کہ شاید ہی کوئی افغان شہری ہو جو موجودہ تنازعے سے بلا واسطہ یا بالواسطہ متاثر نہ ہوا ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہترین موقع ہے کہ مختلف فریق امن کا راستہ اختیار کریں اور تشدد کو ترک کردیں۔
رپورٹ میں متحارب گروہوں سے اپیل کی گئی ہے کہ شہریوں کی ہلاکتوں یا زخمی ہونے کا سلسلہ روک دیں۔