اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے امریکہ اورافغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس نے امریکی حکومت اورافغان طالبان کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اسی روز سیکرٹری جنرل نے اپنے ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں تمام فریقوں کی طرف سے افغان مسئلے کے پائیدار سیاسی حل کے حصول کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے اور قطر کی حکومت کی جانب سے امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات کی میزبانی کی تعریف کی ہے۔
گوئترس نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ افغان عوام کی امن کی خواہشات افغانوں کی زیرقیادت ایک جامع عمل کے ذریعے حاصل ہوں گی اور اس عمل میں افغان خواتین اور نوجوان شامل ہوں گے۔
اس معاہدے کے مطابق ، امریکہ آہستہ آہستہ افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کو کم کرنا شروع کردے گا اور توقع ہے کہ 14 ماہ کے اندر افغانستان میں تعینات غیر ملکی فوجیوں کا انخلا ہوجائے گا۔ معاہدے میں طالبان نے وعدہ کیا ہے کہ افغانستان اب دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بنے گا۔ اس معاہدے میں یہ بھی شرط عائد کی گئی ہے کہ تمام افغان گروپ 10 مارچ 2020 کو داخلی مذاکرات کا آغاز کریں گے اور فریقوں کے نمائندے مستقل جنگ بندی کے وقت اور طریقہ کارپر تبادلہ خیال کریں گے۔