امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے کرونا وائرس کے معیشت پر اثرات کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیاد پرشرح سود میں کمی کا اعلان
امریکی فیڈرل ریزرو نے تین مارچ کو وفاقی فنڈ کی شرح سود کی ٹارگیٹ رینج میں پچاس بیسس پوائنٹس کاٹ کر ایک سے ایک اعشاریہ دو پانچ فیصد تک کم کرنے کا اعلان کیا تاکہ معیشت پر کرونا وائرس کے اثرات کو کم کیا جائے۔یہ دو ہزار آٹھ کے بعد امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے ہنگامی بنیاد پر شرح سود میں سب سے بڑی کمی ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ وبا کی صورتحال اور معیشت پر اس کے اثرات پر قریبی توجہ دے رہا ہے اور مناسب پالیسی آلہ کا استعمال کر کے اقتصادی ترقی کی حمایت کرے گا۔
تاہم اس اقدام سے منڈی میں پائی جانے والی تشویش میں کمی نہیں آئی ۔اسی دن امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ آیا۔ ڈاو جانز انڈسٹریل ایوریج انڈیکس میں ۷۸۸ پوائنٹس کی کمی آئی۔سرمایہ کار بڑی مقدار میں ٹریژری بانڈ خریدنے لگے جس سے ٹریژری بانڈ کی شرح سود میں بھی کمی آئی ۔اس کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔