دنیا بھر میں کووڈ -19 کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی
سات مارچ کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کووڈ-19 کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہےاور تمام ممالک کو اس وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کےلیے سخت اقدامات اختیار کرنے چاہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اور دیگر ممالک کے تجربے نے یہ ثابت کیا ہے کہ عالمی سطح پر قابل اطلاق اقدامات اپنانے سے وائرس کے پھیلاؤ میں کمی اور وبا کے اثرات کو کم کرنا واقعی ممکن ہے۔ ان اقدامات میں پورے معاشرے کا مشترکہ طور پر متحرک ہونا ، انفیکشن زدہ کیسز کی تشخیص و تصدیق ، مریضوں کی دیکھ بھال ، قریبی رابطہ رکھنے والوں کے بارے میں معلومات رکھنا ، تصدیق شدہ کیسز میں تیزی سے ہونے والے اضافے سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں اور کلینک کی تیاری اور متعلقہ طبی عملے کی تربیت شامل ہیں۔ عالمی ادارہِ صحت کا کہنا ہے کہ وہ تمام ممالک ، شراکت داروں اور ماہرین کے نیٹ ورکس کے ساتھ بین الاقوامی ردعمل کو مربوط کرنے ، رہنما اصول تیار کرنے ، سازوسامان کی تقسیم ، شعور و آگہی دینے اور لوگوں کو حفاظتی معلومات فراہم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔ عالمی ادارہ صحت کی یومیہ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وسطی یورپی وقت کے مطابق سات مارچ تک دنیا بھر میں کووڈ-19کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 101927 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 3486 ہوگئی ہے۔