افغانستان: دو صدارتی حلف برداریاں
نومارچ کو اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے الگ الگ تقاریب میں افغانستان کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
افغان دارالحکومت کابل میں پیر کے روز نئے صدر کی حلف برداری کے لیے دو متوازی تقاریب منعقد ہوئیں۔ نومنتخب صدر اشرف غنی اور ان کے حریف سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے الگ الگ صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا ۔ جس سے اس ملک میں جاری سیاسی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے آخری لمحات تک ان دونوں متوازی صدور میں مصالحت کرانے کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام رہے ہیں۔
افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن نے روان سال فروری میں صدر اشرف غنی کی دوسری مدت کے لیے کامیابی کا سرکاری اعلان کیا تھا۔افغانستان میں صدارتی انتخابات کے لیے 28 ستمبر 2019ء کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ حتمی سرکاری نتائج کے مطابق صدر اشرف غنی نے پچاس اعشاریہ چھ چار فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔ان کے حریف ملک کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے انتالیس اعشاریہ پانچ دو فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔