چین کی جانب سے اٹلی کو امداد کی فراہمی ،اطالوی حکام کا اظہار تشکر
تیرہ تاریخ کوچینی طبی ماہرین نے اٹلی کے وزیرخارجہ لوئی گی دی مایو سے ملاقات کی۔اطالوی وزیرخارجہ نے اسی روز ایک پریس کانفرنس میں چین کی جانب سے امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے خلاف جنگ میں اٹلی تنہا نہیں ہے۔اس وقت چین کووڈ-19 کی وبا کے خلاف فتح حاصل کررہا ہے اور اٹلی بھی ایسا کر سکتا ہے۔
چینی حکومت کی جانب سے نو افراد پر مشتمل طبی ماہرین کی ایک ٹیم اکتیس ٹن طبی سازوسامان کے ہمراہ اٹلی بھیجی گئی ہے جو اس وقت دارالحکومت روم میں موجود ہے۔ چینی ماہرین اٹلی میں وبا کی روک تھام اور کنٹرول میں مدد فراہم کریں گے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق تیرہ تاریخ کو اطالوی میڈیا ادارے " ال گیورنالے" کی ویب سائٹ پر چائنا میڈیا گروپ کے سربراہ کا خط بھی شائع کیا گیا ہے۔چائنا میڈیا گروپ کے سربراہ شن ہائی شونگ نے اطالوی میڈیا ادارے کے سربراہ کے نام خط میں آزمائش کی گھڑی میں اٹلی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔اُن کی جانب سے اٹلی میں وبائی صورتحال پر تشویش اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔خط میں وبا کے خلاف چین کے تجربات سے بھی آگاہی فراہم کی گئی ہے۔