عراق میں ایک فوجی اڈے پر راکٹ حملے ،تین امریکی فوجی زخمی
2020-03-15 16:26:35
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کے مطابق چودہ تاریخ کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک فوجی اڈے پر راکٹ حملے کیے گئے جس میں تین امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ترجمان نے بتایا کہ شدید زخمی اہلکاروں کو بغداد کے ملٹری ہسپتال میں علاج کی فراہمی جاری ہے۔ امریکی قیادت میں اتحادی فوج کے مطابق فوجی اڈے پر تقریباً پچیس راکٹ داغے گئے۔
عراق کے دفاعی حکام نے بتایا کہ حملے میں عراقی سیکیورٹی فورسز کے چار اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ تاحال کسی تنظیم یا فرد نے راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے فوجی اڈے پر یہ دوسرا حملہ ہے ۔اس سے قبل گیارہ تاریخ کو ایک حملے میں دو امریکی اور ایک برطانوی فوجی ہلاک ہوا تھا جبکہ دیگر چودہ زخمی ہوئے تھے۔