جی 20 ممالک کا وبائی صورتحال میں عالمی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پانچ ٹریلین ڈالرز سرمائے کی فراہمی کا اعلان
جی 20 ممالک کی جانب سے 26 تاریخ کو بتایا گیا کہ گروپ کے تمام ممالک انسداد وبا کے حوالے سے موثر اقدامات کررہے ہیں ، جی 20 موجودہ صورتحال میں عالمی معیشت کی بہتری کے لیے پانچ ٹریلین ڈالرز سرمایہ فراہم کرے گا تاکہ کووڈ۔۱۹ کے منفی اثرات سے نمٹا جا سکے۔
کووڈ ۔۱۹سے متعلق جی 20 رہنماؤں کا خصوصی اجلاس اسی دن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا۔ شریک ممالک کے رہنماؤں نے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ معاشی استحکام سمیت روزگار اور کاروباری اداروں بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے تحفظ کے لئے تیزتر اور موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق جی 20 عالمی معیشت اور سماج کو وبا کے باعث لاحق نقصانات میں کمی ، عالمی نمو کی بحالی ، مارکیٹ استحکام برقرار رکھنے اور معاشی لچک کو بڑھانے کے لئے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جی 20 اہم نوعیت کے طبی سازوسامان ، کلیدی زرعی مصنوعات اور دیگر اشیاء سمیت خدمات کی معمول کے مطابق سرحد پار نقل و حمل کو یقینی بنانے اور عالمی سطح پر سپلائی چین کی رکاوٹوں کو حل کرنے کے لئے لازمی اقدامات کرے گا۔