اوپیک پلس کی طرف سے خام تیل کی پیداوار میں کمی کاتاریخی معاہدہ
تیرہ اپریل کو"اوپیک +" میکانزم کے تحت خام تیل کی پیداوار میں کمی کا حتمی معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں یعنی رواں سال مئی اور جون میں خام تیل کی یومیہ پیداوار میں ستانوے لاکھ بیرل کی کمی ہوگی۔ یہ اوپیک + میکانزم کے قیام کے بعد پیداواری کمی کے حوالے سے سب سے بڑا معاہدہ ہے۔
معاہدے کے مطابق دوسرا مرحلہ جولائی سے دسمبر تک کا ہوگا ، جس کے دوران پیداوار میں یو میہ آٹھ ملین بیرل جبکہ تیسرے مرحلے یعنی اگلے سال جنوری سے اپریل دو ہزار بائیس تک ، چھ ملین بیرل کی کمی ہوگی۔
عالمی سطح پر توانائی کی کھپت میں کمی اور نوول کورونا وائرس کی وجہ سے طلب میں تیزی سے ہونے والی کمی سے نمٹنے اور خام تیل کی قیتموں میں مسلسل کمی کو روکنے کے لیے ،پہلے بھی اوپیک پلس میکانزم کے تیل کی پیداوار میں کمی پر بات چیت اور مشاورت کے متعدد دور ہوئے ہیں۔
مارچ کے اوائل میں خام تیل کی پیداوار میں کمی کے معاہدے پر مذاکرات ناکام رہے تھے۔اس کے بعد دنیا میں تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندہ سعودی عرب نے اپنی پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا اور سرکاری سطح پر خام تیل کی قیمت میں بہت کمی کردی ۔جس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہو گئیں۔