افغان حکومت کی جانب سے تین سو اکسٹھ طالبان قیدی رہا
2020-04-13 17:15:00
افغان قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے پیر کو بتایا کہ صدارتی فرمان کے تحت حکومت کی جانب سےتین سو اکسٹھ طالبان قیدیوں کو بگرام جیل سے رہا کر دیا گیا ہے جبکہ مزید قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق قیدیوں کی رہائی حکومت کی جانب سے ملک میں قیام امن کی کوششوں کا حصہ ہے۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر کی مختلف جیلوں میں قید پندرہ سو طالبان جنگجووں کو آئندہ دو ہفتے کے دوران رہا کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق انتیس فروری کو امریکہ۔طالبان کے درمیان دوحا میں طے پانے والے امن معاہدے کے تحت "بین الافغان مذاکرات" کے آغاز کے لیے ایک ہزار افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی رہائی کے بدلے پانچ ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی پیشگی شرط ہے۔