امریکی ایوان نمائندگان نے انسداد وبا میں ٹرمپ انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینےکے لیے خصوصی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تیئیس تاریخ کوامریکی ایوان نمائندگان نے انسداد وبا میں ٹرمپ انتظامیہ کی کارکردگی کے جائزے اور اقتصادی امدادی منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی کے اہم فرائض میں گزشتہ دو ماہ کے دوران اقتصادی امدادی منصوبے پر عمل درآمد کے اقدامات اور وبائی صورتحال میں مریضوں کی تشخیص ، قرنطینہ ، طبی سازوسامان کی فراہمی سمیت ٹرمپ انتظامیہ کی تیاریوں اور ردعمل سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مذکورہ کمیٹی کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ڈیموکریٹک پارٹی کی "انتقامی کارروائی" قرار دے چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ میں وبائی صورتحال کے تناظر میں انسداد امراض مرکز کےڈائریکٹررابرٹ ریڈ فیلڈ نے وبا کی دوسری لہرسے متعلق خبردار کیا ہے ۔ حالیہ دنوں ایک انٹرویو میں انہوں نے امریکہ میں وبا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا جبکہ امریکی صدر نے اُن کے خدشے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس امریکہ کو دوبارہ وبا کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نےرابرٹ ریڈ فیلڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وائٹ ہاوس کی پریس کانفرنس میں اپنی" انتباہ" کی وضاحت کریں۔