انسداد وبا کے لیے آن لائن عالمی کانفرنس کا انعقاد
چار مئی کو انسداد وبا کے لیے ایک آن لائن عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،جس کا مقصد دنیا بھر نوول کورونا وائرس کے ویکسین کی تیاری ، علاج اور افراد کو شناخت کرنے سمیت دیگر کارروائیوں کو فروغ دینا اور اس سلسلے میں عطیات اکٹھے کرنا تھا ۔ یورپی یونین میں چین کے مشن کے سربراہ سفیر جانگ مینگ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فرد اس وبا ئی صورتِ حال سے خود کو علیحدہ نہیں رکھ سکتا ہے ۔ دنیا کے تمام ممالک ہم نصیب معاشرے کا حصہ ہیں ۔ اگرچہ چین میں انسداد وبا کا چیلنج بہت سخت ہے ،لیکن چین ان ممالک کی مدد کرنے کی کوشش کررہا ہے جن کو امداد کی اشد ضرورت ہے ۔ چین پہلے کی طرح عالمی سطح پر انسداد وبا کے لیےعالمی ادارہ صحت کےرہنما کردار کی حمایت کرے گا۔ جانگ مینگ نے یہ اپیل بھی کی ہے کہ عالمی برادری ترقی پذیر ممالک کو مدد فراہم کرے اور سہ فریقی یا کثیرالطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ایک ساتھ مل کر ہی وبا کے خلاف فتح حاصل کر سکے گی ۔
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ انسداد وبا کے اس عمل میں تمام انسانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں برطانیہ اڑتیس کروڑ اسی لاکھ پاونڈ کا امدادی فنڈ فراہم کرے گا۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گیبریسس نے اعلان کیا کہ اس کانفرنس میں سات ارب چالیس کروڑ یورو جمع کیے گئے ہیں جو ویکسن کی تیاری اور مریضوں کے علاج معالجے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔