چین کی جانب سے ہوا وے کمپنی کی برآمدات پر امریکی پابندیوں کی شدید مخالفت
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے سترہ تاریخ کو اپنے بیان میں کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے چینی کمپنی ہوا وے کی برآمدات پر عائد نئی پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پندرہ تاریخ کو قومی سلامتی کے جواز کے تحت برآمدات پر کنٹرول کا غلط استعمال کرتے ہوئے ہوا وے کمپنی کی برآمدات پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی اقدام منڈی کے اصولوں اور منصفانہ مسابقت کے لیے تباہ کن اور بین الاقوامی تجارت کے بنیادی اصولوں سےانحراف ہے ۔ ایسے اقدامات سے عالمی صنعتی چین اور سپلائی چین کے تحفظ کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نہ صرف چین اور امریکہ بلکہ دیگر ممالک کے صنعتی و کاروباری اداروں کے مفادات کو نقصان پہنچے گا ۔
چین نے امریکہ سے ایسے نامناسب اقدامات کے فوری خاتمے اور کاروباری اداروں کے درمیان تجارت اور تعاون کے فروغ کے لیے سازگار ماحول تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔