وبا کے باعث امریکی معیشت شدید دباو کا شکار
امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاویل نے سترہ تاریخ کو کہا کہ کووڈ-19 کے باعث امریکی معیشت دوسری سہ ماہی میں بیس تا تیس فیصد تک سکڑ سکتی ہے۔ لیکن طویل مدتی تناظر میں یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ 1930 کے" گریٹ ڈپریشن" کی نسبت اقتصادی گراوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ " گریٹ ڈپریشن" کے دوران امریکہ میں بے روزگاری کی شرح تقریبا پچیس فیصد تھی ۔ لیکن فیڈرل ریزرو کے مثبت اقدامات اور کانگریس کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے اقتصادی امدادی پیکج کے باعث امریکی معیشت میں "دوسرے گریٹ ڈپریشن " کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقتصادی بحالی کا عمل 2021 کے اواخر تک جاری رہ سکتا ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں امریکی جی ڈی پی میں 4.8 فیصد کی کمی ہوئی ہے ، جو عالمی مالیاتی بحران کے بعد بدترین سطح ہے۔ محکمہ لیبر کے اعداد و شمار کے مطابق ، اپریل میں ملک میں بے روزگاری کی شرح 14.7 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، جو " گریٹ ڈپریشن" کے بعد سب سے زیادہ ہے۔