امریکہ کا عالمی ادارہِ صحت سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان
۲۹ مئی کو امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نےوائٹ ہاوس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں عالمی ادارہِ صحت کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ عالمی ادارہِ صحت نے ان اصلاحات کو نافذ کرنے سے انکار کیا ہے جن کا مطالبہ امریکہ نے کیا تھا اس لیے امریکہ ڈبلیو ایچ او سے تعلقات کو ختم کرتا ہے اور ڈبلیو ایچ او کو ادا کیے جانے والے واجبات اب کہیں اوراستعمال کرے گا۔
امریکی صدر کی جانب سے عالمی ادارہِ صحت کے ڈائیریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس کے نام اٹھارہ تاریخ کو بھیجے گئے ایک خط میں امریکی صدر نےدھمکی آمیز رویہ اختیار کیا اور کہا کہ اگر ڈبلیو ایچ او آنے والے ۳۰ دن میں کسی حقیقی تبدیلی کا یقین نہیں دلاتا تو امریکہ ڈبلیو ایچ او کو واجبات کی ادائیگی ختم کردے گا اور عالمی ادارہِ صحت کے ساتھ وابستہ رہنے یا نہ رہنے کے بارے میں غور کرےگا ۔ امریکی صدر کے اس طرزِعمل پر نا صرف عالمی برادری کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے بلکہ خود امریکی عوام بھی اس پر شدید اعتراض کر رہے ہیں ۔
۲۹ تاریخ کو وبائی صورتِ حال سے متعلق امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق امریکہ میں تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 1.74 ملین سے زائد ہو گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔