امریکہ میں کووڈ-۱۹ کیسز کی حقیقی تعداد رپورٹ شدہ کیسز سے دس گنا زیادہ ہو سکتی ہے: سی ڈی سی
جوہانس ہاپکنس یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق مشرقی امریکی وقت کے مطابق ستائیس جون کی شام پانچ بجے تک امریکہ میں کووڈ-۱۹ کے مصدقہ کیسز کی تعداد پچیس لاکھ سے تجاوز کر گئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد ہو گئی۔کم از کم اکتیس ریاستوں میں وبا کی دوبارہ سنگینی کی رپورٹ دی گئی ہے اور گیارہ ریاستوں میں اقتصادی بحالی کو تاخیر یا معطل کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف امریکہ کے مرکز برائے انسداد و کنٹرول امراض سی ڈی سی نے کہا ہےکہ ممکن ہے کہ امریکہ میں حقیقی کیسز رپورٹ شدہ کیسز کا دس گنا ہو ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی سی کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ نے پچیس تاریخ کو کہا کہ ہمارے خیال میں ہررپورٹ شدہ کیس کے پیچھے دس کیسز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیسٹ صرف علامات والے افراد کے کیےجاتے ہیں۔ بغیر علامات والے افراد کے ٹیسٹ نہیں کیے جارہے۔
امریکی صدر ٹرمپ سمیت دیگر اہلکار سمجھتے ہیں کہ مصدقہ کیسز میں تیزی سے اضافے کا سبب ٹیسٹنگ میں اضافہ ہے۔تاہم امریکہ کے قومی انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اور متعدی امراض کے سربراہ انتونی فاوچی سمیت دیگر ماہرین نے نشاندہی کی ہےکہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ امریکہ کی کمیونٹیز میں کووڈ-۱۹ کی وبا سنگین ہو رہی ہے۔