وبا کی روک تھام و کنٹرول سے قبل معیشت مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکتی ہے : امریکی فیڈرل ریزرو
امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاؤل نے تیس جون کو امریکی ایوان نمائندگان میں مالیاتی خدمات کی کمیٹی کے زیر اہتمام ایک اجلاس میں کہا کہ جب تک کہ نوول کورونا وائرس کی وبا کو قابو نہیں کیا جاتا اور لوگوں کو معمول کی سرگرمیوں میں واپس آنے کا اعتماد حاصل نہیں ہوتا ، تب تک ملک میں مکمل معاشی بحالی کا حصول ناممکن ہے۔
پاؤل نے کہا کہ امریکی حکومت کو اقتصادی بحالی کے لئے خاطر خواہ پالیسیاں اپنانی چاہیئں تاکہ معاشی بحالی کےلیے مدد و حمایت فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے یہ بھی انتباہ کیا کہ اگر وبا کے پھیلاؤ کی دوسری لہر آجاتی ہے تو ، "عوامی اعتماد کو ایک بار پھر نقصان پہنچے گا۔"
دریں اثنا امریکہ کے الرجی اور متعدی امراض کے قومی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ،مشہور ماہر برائے امراضِ متعدی انتھونی فاؤچی نے ملک کی تمام ریاستوں سے معاشی و معاشرتی سرگرمیوں کی بحالی کے دوران فوری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ متعدد ریاستوں میں وبائی صورت حال تشویشناک ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد "بہت زیادہ پریشان کن" ہوسکتی ہے۔