امریکی طبی ماہرین کا کھلا خط ، انسدادِ وبا کے حوالے سے امریکی حکومت پر نااہلی کا الزام
حال ہی میں ایک سو پچاس سے زائد امریکی طبی ماہر ین کی جانب سے ایک کھلا خط جاری کیا گیا جس میں امریکی انتظامیہ سےاپیل کی گئی ہے معیشت کی بحالی کی کارروائیوں کو فوری طور پرروکا جائے اور کووڈ-۱۹ کے بارے میں امریکی عوام کو حقائِق بتائے جائیں ۔ ان طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب امریکہ میں وبا کو موثر انداز میں کنٹرول کر لیا جائے ، اور وائرس کی موئثر تشخیص کے ساتھ ساتھ ممکنہ متاثر ہ افراد کا ریکارڈ رکھنے کی صلاحیت حاصل کر لی جائے ،تب امریکہ میں معیشت کی بتدریج بحالی ہونی چاہیئے ۔
امریکی صدر ، وفاقی حکومت اور مختلف ریاستوں کے گورنرز کے نام لکھے گئے اس خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک میں سے امریکہ میں کووڈ -۱۹ کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ،اس کے باوجود ، امریکہ معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، اس سے لوگوں کی ا یک بڑی تعداد وائرس کے سامنے آئے گی اور امریکہ میں متاثرہ افراد اور جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔ جس کے باعث یکم نومبر تک امریکہ میں کووڈ-۱۹ سےجاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مارچ میں جب امریکی عوام گھر پر رہنے کے حکم پرعمل درآمد کررہے تھے ، اس وقت وبا کو کنٹرول کرنے کا نادر موقع تھا جو امریکی حکومت نے گنوا دیا ،اس کے بعد جلد بازی میں امریکی معیشت بحالی کرنے کی کوشش کی گئی۔ امریکی انتظامیہ کو ماہرین کی باتوں کو سننا چاہیئے ۔ امریکہ کے لیے بہترین عمل فوری طور پر معیشت کی بحالی کی بجائے انسانی زندگیوں کو بچانا ہونا چاہیے ۔