عالمی ماہرین نے چین۔ افریقہ شراکت داری کو افریقہ میں انسداد وبا کے لیے نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا ہے
افریقی یونین میں تعینات چینی مشن اور اقوام متحدہ کے افریقہ سے متعلق اقتصادی کمیشن نے انسداد وبا سے متعلق گیارہ تاریخ کو ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں انسداد و با سے متعلق تجربات کا تبادلہ کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ چین ۔ افریقہ اتحاد اور تعاون افریقہ میں وبا پر قابو پانے کے لئے ایک اہم ضمانت ہے۔
افریقی یونین میں تعینات چینی مشن کے سربراہ لیو یو شی نے کہا کہ افریقہ میں وباکے پھیلاؤ کے بعد چین وہ پہلا ملک تھا جس نے فوری امداد فراہم کی۔ چین مضبوطی کے ساتھ اپنے افریقی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ چین کی جانب سے متعدد مرتبہ افریقی یونین اور افریقی ممالک کو انسداد وبا کا سامان فراہم کیا گیا ہے ،گیا رہ افریقی ممالک میں چینی طبی ماہرین بھیجے گئے ہیں جبکہ افریقی ماہرین کے ساتھ انسداد وبا کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
افریقہ کے لیے اقوام متحدہ کے اقتصادی کمیشن کی ایگزیکٹو سیکرٹری ویرا سونگوی نے افریقہ میں وبا سے نمٹنے کے لیے چین کی بھرپور حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین۔ افریقہ شراکت داری کی بدولت افریقہ میں انسداد وبا میں مدد ملی ہے۔
افریقی یونین کے نائب چیئرمین تھامس کوسی کوارٹی نے کہا کہ وبا کے خلاف چین۔افریقہ اتحاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چینی حکومت اور کاروباری اداروں کی حمایت سے افریقہ کو مدد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے افریقہ میں انسداد امراض مرکز کے صدر دفتر کی تعمیر میں معاونت فریقین کے درمیان صحت عامہ کے شعبے میں مضبوط شراکت داری اور دوستانہ تعلقات کی بہترین عکاسی ہے۔