امریکہ کی ٹیکنالوجی انڈسٹری کی ترقی کا انحصار کافی حد تک چین پر ہے ، فنانشل ٹائمز
برطانوی جریدے "فنانشل ٹائمز" کی جانب سے حال ہی میں جاری ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے چین پر انحصار کا "بہت کم" اندازہ لگایا گیا ہے۔ چین اور امریکہ کا دو بڑی تکنیکی طاقتوں کی حیثیت سے کافی حد تک ایک دوسرے پر دارومدار ہے۔ دونوں فریقوں کا الگ ہونا سینکڑوں امریکی کمپنیوں کے لیے ایک بھاری معاشی دھچکا ثابت ہو گا۔
مضمون کے مطابق ، ایپل کمپنی اپنی مصنوعات کی فروخت کے لیے چین پر انحصار کرتی ہے ۔کمپنی کی مجموعی سالانہ فروخت کا پانچواں حصہ چین کی مرہون منت ہے۔چین ایپل کے نئے صارفین کی بھی ایک اہم مارکیٹ ہے۔ علاوہ ازیں امریکہ کی پانچ اہم چپ کمپنیاں بھی چین پر زیادہ انحصار کرتی ہیں ۔ ان کمپنیوں کی پچیس سے پچاس فیصد تک فروخت چین سے ہوتی ہے۔
مضمون کے مطابق مختلف کمپنیوں کی جانب سے حال ہی میں جاری کی جانے والی مالیاتی رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کی ایک بڑی تعداد اس بات پر زور دے رہی ہے کہ چین میں ان کی کمپنیاں زیادہ ثمرات پا رہی ہیں۔