افریقہ کی ہوا بازی کی صنعت اور معیشت وبا سے شدیدمتاثر
اگست میں انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، افریقہ میں ہوابازی کی صنعت اور معیشت پر کووڈ-۱۹ کے اثرات سنگین ہوتے جارہے ہیں ۔
اعداد و شمار کے مطابق افریقہ میں ہوا بازی کی صنعت اور اس سے وابستہ صنعتوں میں بے روزگار افراد کی تعداد پینتیس لاکھ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ یا درہے کہ اس خطے میں ہوا بازی اور اس سے متعلقہ صنعتوں سے وابستہ ملازمین کی اصل تعداد باسٹھ لاکھ تھی ، اس کا مطلب ہے کہ افریقہ میں اس شعبے میں نصف سے زیادہ افراد کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 2019 کے مقابلہ میں ، 2020 میں ، افریقہ میں سالانہ ٹریفک کے حجم میں 54 فیصد کمی کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔اندازے کے مطابق افریقہ میں ہوا بازی کی صنعت کی مجموعی جی ڈی پی میں 35 ارب امریکی ڈالر کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے افریقہ اور مشرق وسطی کے خطے کے انچارج نے بتایا ہے کہ کووڈ-۱۹ نے افریقی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور تقریبا پورے افریقہ کی ہوائی ٹریفک کو معطل کردیاہے۔ اس تعطل کے معاشی نتائج شدید ہیں ، اور لاکھوں پریکٹیشنرز کی ملازمتوں اور معاش کو خطرہ ہے۔ افریقہ کی معاشی بحالی اور مستقبل کی خوشحالی کے لئے ، ہوابازی کی صنعت کی بحالی میں تیزی لانا ضروری ہے۔