شمالی بغداد میں عراقی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں اہم شدت پسند تنظیم کا گڑھ تباہ
تئیس اگست کو عراقی سیکیورٹی ایجنسی نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے خفیہ ایجنسیز کے تعاون سےشمالی بغداد میں ایک اہم شدت پسند تنظیم کا گڑھ تباہ کر دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 60 روز سے زیادہ کی نگرانی اور خفیہ معلومات کے بعد ، عراقی فوج نے بائیس اگست کی رات اس علاقے پرفضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں یہاں پر روپوش ، شدت پسند تنظیم کے بیشتر ارکان ہلاک ہوگئے جب کہ کچھ فرار ہوگئے تھے ۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے ابھی تک ہلاک اور فرار ہونے والوں کی اصل تعداد کی تصدیق کر رہی ہے ۔
عراقی سکیورٹی فورسز نے فضائی حملے کے بعد اس علاقے کی مکمل تلاشی لی تو یہاں سےانہیں متعدد دہشت گردوں کی لاشیں ، 12 موبائل فون ، مختلف قسم کا فوجی سازو سامان اور دھماکہ خیز آلات ملے۔
یہ آپریشن عراقی سکیورٹی فورسز کے بریگیڈیئر جنرل ہزارج کی ہلاکت کا ردعمل ہے۔ یاد رہے کہ 18 جولائی کو ، شمالی بغداد کے علاقے ترمیا سے گزرتے وقت ہزارج کی گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم کا نشانہ بنی تھی جس میں وہ ہلاک ہو گئے تھے ۔عراقی خفیہ ایجنسی کے مطابق ، یہ شدت پسند تنظیم اس حملے کی ذمہ دار تھی ۔