ایک سو بہتر ممالک اور علاقے کووڈ-۱۹ کی ویکسین کی عالمی فراہمی کے منصوبے میں شامل ہیں، عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گیبریسس نے چوبیس تاریخ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک سو بہتر ممالک اور علاقے کووڈ-۱۹ کی ویکسین کی عالمی فراہمی کے منصوبے میں شامل ہوئے ہیں۔ اس منصوبے کا ہدف سال دو ہزار اکیس کے اواخر تک ویکیسن کی کم از کم 2 ارب مؤثر ڈوز عالمی سطح پر تقسیم کرنا ہے۔
ٹیڈروس ادہانوم گیبریسس نے کہا کہ اگر کووڈ-۱۹ کی ویکسین کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے، تو یہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں لوگوں کو ویکسین لینے سے روکے گا۔ اگر صرف چند ممالک ہی زیادہ تر ویکسین کی فراہمی سے استفادہ کرتے ہیں، تو وبا کی مدت میں توسیع ہو جائے گی۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ اگر ویکسین کی تیاری کے بعد ابتدائی عرصے میں اس کی فراہمی محدود ہوتی ہے، تو یہ ویکسین پہلے ان لوگوں کو فراہم کی جانی چاہیے جو زیادہ خطرات سے دوچار ہیں۔ ان میں سب سے پہلے طبی عملہ، 65 سال سے زائد عمر والے افراد اور کچھ دیگر بیماریوں کے شکار مریض شامل ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے میں اب بھی بہت زیادہ مالی مدد کی ضرورت ہے۔