اقوام متحدہ کی جانب سے بین الافغان مذاکرات کا خیرمقدم
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ہفتے کے روز قطر کے شہر دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ " افغانستان اور طالبان کے مابین دوحہ میں آج ہونے والے بین الافغان امن مذاکرات کا آغاز امن کے لئے افغانستان کے عوام کی دیرینہ خواہش کو پورا کرنے کا ایک بڑا موقع پیش کرتا ہے ۔"
انہوں نے کہا کہ افغانیوں کو خود مذاکرات کے مواد اور نوعیت کا تعین کرنا ہوگا۔ ایک پر امن عمل ، جس میں خواتین ، نوجوانوں اور تنازعات کے شکار افراد کو معنی خیز نمائندگی دی جاتی ہے ، پائیدار حل کی بہترین امید پیش کرتا ہے۔
یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ "اس سال دو مرتبہ جنگ بندی سے مجھے حوصلہ ملا ہے۔ جب مذاکرات کا آغاز ہوتا ہے تو میں لوگوں کو جانیں بچانے اور مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی تاکید کرتا ہوں۔"
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن کی طرف پیشرفت لاکھوں افغانوں کی اپنے وطن واپسی کے عمل کو فروغ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ تمام افغان رہنما اور بین الاقوامی برادری کے ارکان امن کو حقیقت بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں ۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے افغان امن مذاکرات کے عمل اور اس کی پائیدار ترقی کی حمایت کا وعدہ کیا۔