اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور چین میں انسداد غربت کے تجربات کے موضوع پر آن لائن سمینار
اقوام متحدہ کے قیام کی پچہترویں سالگرہ کے موقع پر اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور چین میں انسداد غربت کے تجربات کے موضوع پر آن لائن سمینار کا حال ہی میں انعقاد ہوا۔انتالیس ممالک اور علاقوں کے تقریباً ایک سو چالیس سابقہ اعلیٰ سیاستدانوں ، بین الاقوامی اداروں اور تھنک ٹینکس کے مندوبین نے اس سیمنار میں شرکت کی ۔ انہوں نے چین اور عالمی سطح پر غربت کے خاتمے کے تجربات اور بنی نوع انسان کی پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ۔
اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل بان کی مون نے تصدیق کی کہ چین کے غیر معمولی ترقیاتی عمل نے عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں بھرپور حصہ ڈالا ہے ، اور اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی سطح پر پھیلنے والے نوول کورونا وائرس کےنمونیا کے تناظر میں اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں دنیا کو 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران چین کا کردار ناگزیر ہے۔
اس موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے ڈائریکٹر جنرل شن ہائی شونگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے پوری دنیا میں غربت کے خاتمے میں میڈیا کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس حوالے سے نہایت اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس حوالے سے چائنا میڈیا گروپ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ایم جی نے اپنی ذمہ داریوں کو فعال طور پر نبھایا ہے۔ غربت کے خاتمے کی مہم کے دوران چائنا میڈیا گروپ نے مختلف کامیاب کہانیوں کی شاندار کوریج کی، ان کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا اور متعدد نیو میڈیا پلیٹ فارمز اور چینلز سے انہیں نشر کیا۔ دنیا کے ساتھ غربت کے خاتمے کی راہ پر چین کی شاندار کامیابیوں کا تبادلہ کیا۔