اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خوراک و زراعت کا خوراک کی تباہی و زیاں کو کم کرنے کا مطالبہ
29 ستمبر کو اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام ، اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیز ، اور متعدد ممالک اور خطوں کے نمائندوں نے پہلے بین الاقوامی "یومِ شعورِ غذائی نقصان و زیاں " کے موقع پر ایک ویڈیو میٹنگ کی۔
اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خوراک و زراعت کے ڈائریکٹر جنرل کیو ڈونگ یو نے اپنی تقریر میں کہا کہ "خوراک کی تباہی و زیاں ہمارے وقت کا ایک بہت بڑا چیلنج" ہے ۔ اس سے نمٹنے کے لیے کٹائی کے بعد کے جدید انتظام ، زراعت اور فوڈ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن اور فوڈ مارکیٹ چینلز کی دوبارہ منصوبہ بندی پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے تاکہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھائی جا سکے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز نے کہا کہ کووڈ-۱۹ کی وبا نےدنیا میں خوراک کے نظام کی کمزوری کو نمایاں کیا ہے اور کئی ممالک میں خوراک کی تباہی و زیاں کا مسئلہ مزید بڑھ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ 2021 کے اجلاس برائے نظامِ خوراک کی تیاری کر رہا ہے اور ایسے میں پہلا بین الاقوامی "یومِ شعورِ غذائی نقصان و زیاں "بالکل بر وقت اورمناسب ہے۔تمام ممالک کو چاہئے کہ وہ خوراک کے زیاں کی خود نگرانی کریں ، اور خوراک کے نقصان اور زیاں کو کم کرنے کیلئے جرات مندانہ اقدامات کریں۔