افغانستان میں سرکاری فوج کے ہوائی حملے میں گیارہ عسکریت پسند ہلاک
2020-10-05 15:25:04
افغانستان کے صوبہ غزنی کے سرکاری ترجمان جمعہ زادہ نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز مذکورہ صوبےکے ضلع اندر میں سرکاری لڑاکا طیاروں کے حملے میں کم ازکم گیارہ طالبان کو ہلاک کردیا گیاہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لڑاکا طیاروں نے مذکورہ ضلع کے سرفراز گاوں میں طالبان کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا جس میں گیارہ طالبان ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حملے میں طالبان کے اسلحے اور بارود کو بھی تباہ کیا گیا۔ طالبان جو غزنی کے کئی علاقوں میں سرگرم ہیں نے ابھی تک اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔