ایک سو چوراسی ممالک اور علاقے "کووڈ-۱۹ کے خلاف ویکسین کے نفاذ کے منصوبے" میں شامل ہوچکے ہیں، عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایدہانوم گیبریسس نے انیس تاریخ کو کہا کہ ایک سو چوراسی ممالک اور علاقے ڈبلیو ایچ او اور اس کے شراکت داروں کے ذریعہ شروع کردہ "کووڈ-۱۹ کے خلاف ویکسین کے نفاذ کے منصوبے" میں شامل ہوچکے ہیں ، لہذا توقع کی جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ممالک منصفانہ اور مؤثر طریقے سے کورونا وائرس کی ویکسین حاصل کر سکیں گے۔
ٹیڈروس ایدہانوم گیبریسس نے اسی روز آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ "کووڈ-۱۹ کے خلاف ویکسین کے نفاذ کا منصوبہ" دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر ویکسین کے منصفانہ اشتراک کا ایک بہترین طریقہ کار ہے۔ ویکسین کی مؤثر اور منصفانہ تقسیم زیادہ خطرات سے دوچار طبقات کی حفاظت، عالمی نظام صحت کے استحکام کو برقرار رکھنے اور عالمی معاشی بحالی کو حقیقی معنوں میں فروغ دینے کا ایک تیز ترین طریقہ ہے۔
ٹیڈروس ایدہانوم گیبرسس نے یہ بھی کہا کہ شمالی نصف کرے میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ساتھ کووڈ-۱۹ کی وبا ایک "پریشان کن مرحلے" میں داخل ہوگئی ہے ، اور یورپ اور شمالی امریکہ میں روزانہ نئے کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایسے حالات میں تمام ممالک کی حکومتوں کو بھر پور جامع اقدامات اختیار کرنے چاہییں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پاتے ہوئے انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔