عالمی فوجداری عدالت کے دو اہلکاروں پر امریکی پابندیوں کی بین الاقوامی سطح پر مخالفت
2020-11-05 11:04:15
اقوام متحدہ میں 72ممالک کی جانب سےعالمی فوجداری عدالت کے لیےمضبوط حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے دو اہلکاروں پر امریکی پابندیوں کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔ عالمی فوجداری عدالت کو نسل کشی ،جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی سماعت کا حق حاصل ہے۔تاہم دو ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر فاٹو بین سوڈا اور ایک سینئر عہدہ دار پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا ،کینیڈا ،برطانیہ اور فرانس جیسے امریکہ کے روایتی اتحادیوں نےبھی امریکی اقدام کی مخالفت کرتے ہوئےعالمی فوجداری عدالت کی بھرپورحمایت کا اعلان کیا اور اس حوالے سے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔مشترکہ بیان میں عالمی ادارے کی خودمختاری اور وقار کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں ناکہ ایسے لوگوں کے خلاف جو انصاف کے متلاشی ہیں۔یاد رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے رواں برس کے اوائل میں امریکی فوجی اہلکاروں کے افغانستان میں جنگی جرائم سے متعلق تفتیش کا آغاز کیا تھا۔