افغانستان: جھڑپوں اور تشدد کے حالیہ واقعات میں 40 سے زائد ہلاکتیں
افغان حکام کی جانب سے جمعرات کے روز جاری بیان کے مطابق نصف سے زائد افغان صوبوں میں جھڑپوں اور تشدد کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں چالیس سے زائد افراد کی ہلاکت اور کم و بیش اتنے ہی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر طالبان جنگجو ہیں۔ شمالی صوبے قندوز میں طالبان کے ایک حملے میں حکومت کے حامی ا ایک اہم کمانڈر اپنے بیٹے سمیت مارا گیا۔ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ جمعرات ہی کو صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب میں ایک سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ جنگجو ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔ اسی طرح صوبہ بلخ میں ایک بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوگئے۔
بدھ اور جمعرات کے دوران پیش آنے والے جھڑپوں کے متعدد واقعات میں افغان صوبوں مزار شریف، بلخ ،فریاب، بادغیس، ہرات اور ننگر ہار سمیت دیگر علاقوں سے متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔