چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس میں پچھلے پانچ سالوں کی حاصل کی جانے والی کامیابیوں کی بنیاد پر مستقبل کے اہم اہداف کا تعین کیا جائے گا

2017-10-12 15:42:10
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس میں  پچھلے پانچ سالوں کی حاصل کی جانے والی  کامیابیوں کی بنیاد پر  مستقبل کے اہم اہداف کا تعین کیا جائے گا

تحریر : شاہد افراز خان

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کا انعقاد

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کا انعقاد

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کا انعقاد اٹھارہ اکتوبر کو ہونے جا رہا ہے ،عوامی جمہوریہ چین کی سیاسی تاریخ میں اس سر گرمی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ انیسویں قومی کانگریس کے دوران  پچھلے پانچ سالوں میں کمیونسٹ پارٹی کی  کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔چین کے صدر شی جن پھنگ جو چین کی   کمیو نسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں  ان کی قیادت میں  حاصل کی جانے والی کامیابیوں کے جائزے سمیت مستقبل کے اہم اہداف کا تعین کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال کے تناظر  میں کمیونسٹ پارٹی اور ملک کی ترقی کے حوالے سے ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔چین اس وقت ایک اعتدال پسند خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور اس سرگرمی کے دوران چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم نظام کے تحت معاشی ، سیاسی ، ثقافتی ، سماجی اور ماحولیاتی ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کا عزم دوہرایا جائے گا۔ پارٹی کے انتظامی امور ،نگرانی اور قانون کی حکمرانی سے متعلق امور کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انیسویں قومی کانگریس کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی کی نئی مرکزی کمیٹی اور ایک نئے نظم و ضبط و معائنہ کمیشن کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

 چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے انعقاد کے لیے تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ یہ امر دلچسپ ہے  کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے اراکین کی تعداد اس وقت آٹھ کروڑ نوے لاکھ سے زائد ہے جس میں چین میں بسنے والی تمام قومیتوں و فریقین کی نمائندگی ہے۔چونکہ  آٹھ کروڑ نوے لاکھ اراکین تو کانگریس میں شریک نہیں ہو سکتے لہذا ان کے منتخب نمائندے اس اہم سر گرمی میں شریک ہوتے ہیں اور انیسویں قومی کانگریس کے دوران منتخب نمائندوں کی مجموعی تعداد 2,287 رہے گی۔ان مندوبین کے انتخاب کے لیے بھی ایک کڑا مرحلہ ہوتا ہے اور ان امیدواروں کو اہلیت ، کارکردگی ، سیاسی امور میں شفافیت ، نظم و ضبط اور سیاسی  نظریاتی بنیادوں کی مضبوطی کے معیار پر پورا اترنا ہوتا ہے۔ان مندوبین میں صرف کمیونسٹ پارٹی کے رہنماء ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتی گروہوں ، خواتین ، صنعتکاروں سمیت معیشت ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، قومی دفاع ، سیاسی و عدالتی شعبہ جات ، تعلیم ، تشہیر ، ثقافت ، صحت ، کھیل اور سماجی انتظام سے متعلق اداروں سے نمائندے شریک ہوتے ہیں ، بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ چین کی تقریباً ایک ارب تیس کروڑ  کا آ بادی کا اعتماد  ان2,287 لوگوں کو حاصل ہے تو بے جا نہ ہو گا۔

 چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کی مناسبت سے  چین بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مختلف سمینارز ، نمائشوں ، مذاکروں کے انعقاد  سمیت چین کے سماجی اور روایتی میڈیا پر اس سرگرمی کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیے جا رہے ہیں۔دو ہزار بارہ میں  چین کی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارویں قومی کانگریس کے بعد  سماجی معاشی شعبہ جات میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے چین کے سرکاری نشریاتی ادارے چائنا سنٹرل ٹیلی ویژن سے دستاویزی پروگرامز کا ایک سلسسلہ نشر کیا جا رہا ہے جس میں کروڑں چینی باشندے دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ کتابوں کی اشاعت کی صورت میں بھی چین کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

 


شیئر

Related stories