یوکرین کی صورتحال پر امریکہ اور روس کے درمیان اختلافات

2022/02/18 14:22:58
شیئر:


سترہ فروری کو مسئلہِ یوکرین پر اقوام متحدہ کے اجلاس میں مختلف ممالک نے موجودہ صورتِ حال پر اپنے اپنےموقف کا اظہار کیا۔اجلاس میں  امریکہ اور روس کے نمائندوں نے اس معاملے پر اپنے اختلافات کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل برائے امورِ سیاسیات و تحفظ امن، روزمیری ڈی کارلو نے کہا کہ اس وقت ،یوکرین اور اسکے گرد و نواح کے علاقے ،  دو ہزار چودہ کےبعد سے اب تک  سامنے آنے والی سب سے سنگین صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں ۔ ان مسائل کو سفارتی کوششوں کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے ۔
امریکہ کے وزیرخارجہ اینٹنی بلنکن نے یوکرین کی سرحد پر روسی افواج کی تعیناتی کے بارے میں بیان کیا اور متعلقہ امور پر مذاکرات کے لیے روسی ہم منصب سے ملاقات کے ارادے کا اعلان کیا۔
روسی نائب وزیرخارجہ سرگئی وورشینین نے اپنے خطاب میں کہا کہ  مغربی ممالک کے روس پر الزامات عائد کرنے سے ،ان کی حقائق سے نظر چرانے کی سوچ عیاں ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے "منسک معاہدے "پر اتفاق  کے بعد مغربی ممالک ، اس معاہدے کو یوکرین کے لیے نقصان دہ قرار دینے کے بارے میں تسلسل کے ساتھ بیانات دے رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ یوکرین نےمکمل طور پر اس معاہدے  کا نفاذ بھی نہیں کیا اورمشرقی یوکرین کےعوام انسانی فلاح کےمسائل کا زیادہ شکار ہیں۔
ادھر سترہ فروری کو روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ روس نےماسکو میں متعین نائب امریکی سفیر بارٹ گورمین کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔یہ حکم  امریکہ میں متعین روسی منسٹر کونسلر  کی نامناسب بے دخلی کے جواب میں دیا گیاہے۔