ایرانی عوام کے مفادات کا تحفظ جوہری مذاکرات میں معاہدے تک پہنچنے کی کلید ہے،ایرانی صدر

2022/02/20 15:14:07
شیئر:
ایرانی صدر سید ابراہم  رئیسی نے 19 تاریخ کو کہا کہ ایرانی جوہری مسئلے پر جامع معاہدے کے لیے متعلقہ فریقوں کے مذاکرات اور معاہدے کی کلید ایرانی عوام کے مفادات کو یقینی بنانا ہے۔
ایرانی صدر کی ویب سائٹ کے مطابق صدر رئیسی نے اسی دن  فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وفد سنجیدہ مذاکرات کے لیے  ویانا پہنچا ہے۔ ایران نے مذاکراتی عمل کے دوران تعمیری تجاویز پیش کیں اور ایرانی عوام کے مفادات کے پیش نظر دیگر فریقین کی تجاویز کا مطالعہ کیا۔
یاد رہے کہ جولائی 2015 میں ایران نے امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا۔ مئی 2018 میں، امریکی حکومت یکطرفہ طور پر ایرانی جوہری معاہدے سے نکل گئی، اور پھر دوبارہ ایران کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ شروع  کیا گیا۔ ایران کے جوہری معاہدے میں شامل فریقوں نے اپریل 2021 میں ویانا میں امریکہ اور ایران کی طرف سے معاہدے پر عمل درآمد کی بحالی پر بات چیت  کی جس میں امریکہ نے بھی  بالواسطہ طور پر  حصہ لیا۔ مذاکرات کا آٹھواں دور 27 دسمبر 2021 کو ویانا میں شروع ہوا۔