یوکرین کی جوہری تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے والی کارروائیوں سے باز رہا جائے، بین الاقوامی جوہری توانائی تنظیم

2022/02/25 11:32:59
شیئر:

بین الاقوامی جوہری توانائی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل گروسی نے 24 تاریخ کو کہا کہ تنظیم یوکرین کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ تحمل سے کام لیتے ہوئے یوکرین کی جوہری تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے۔
گروسی نے کہا کہ  بین الاقوامی جوہری توانائی تنظیم خاص طور پر یوکرین کے جوہری پاور پلانٹس اور دیگر جوہری تنصیبات کی حفاظت اور سلامتی کے بارے میں فکر مند ہے۔ یوکرینی اداروں نے تنظیم کو مطلع کیا ہے کہ وہ ملک کے فعال جوہری پاور پلانٹس کے ساتھ رابطے میں ہیں، جو محفوظ اور قابل اعتماد طور پر کام کر رہے ہیں۔ یوکرین نے بین الاقوامی جوہری توانائی تنظیم کو بھی آگاہ کیا ہے کہ "نامعلوم مسلح افواج" نے چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تمام تنصیبات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔اس دوران  کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی بیس کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔