چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال سے ملاقات

2022/03/26 16:17:23
شیئر:

پچیس تاریخ  کو  چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے بھارت کے ورکنگ دورے کے دوران، نئی دہلی میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر  اجیت ڈووال سے ملاقات کی۔وانگ ای نے کہا کہ دو بڑے ترقی پذیر ممالک اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کی حیثیت سے چین اور بھارت کو اپنے منتخب کردہ راستے پر قائم رہنا چاہیے، دوطرفہ تعلقات کی ترقی کی سمت کو صحیح طور پر سمجھنا چاہیے، طویل المدتی نقطہ نظر اختیار کرنا چاہیے اور امن کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے ، خطے اور پوری دنیا میں استحکام کے لیے اپنا اپنا  کردار ادا کرنا چاہیے۔  وانگ ای نے اس سلسلے میں تین تجاویز پیش کیں۔اول، فریقین کو دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اس اسٹریٹجک فیصلے پر عمل کرنا چاہیے کہ "چین اور بھارت ایک دوسرے کے لیے خطرہ نہیں ہیں، بلکہ ایک دوسرے کی ترقی کے لیے مواقع فراہم کرتے ہیں"، اور سرحدی مسئلے پر اختلافات کو دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں مناسب انداز سے سمجھنا چاہیے۔ دوم، فریقین کو باہمی اور مشترکہ  مفاد  کے حامل نتائج کے لیے ایک اعلیٰ درجے اور وسیع دائرہ کار کی جستجو کرنی چاہیے۔ سوم، فریقین تعاون پر مبنی رویے کے ساتھ کثیر الجہتی عمل میں حصہ لیں، رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط کریں، اور ایک دوسرے کی حمایت کریں، تاکہ عالمی گورننس کو بہتر بنانے میں مزید مثبت توانائی میسر آ  سکے۔
اس موقع پرفریقین نے فوجی کمانڈر کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے نتائج اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اتفاق رائے کی توثیق کی اور غلط فہمیوں سے بچنے پر اتفاق کیا۔