امریکی مالیاتی پالیسی سے لاطینی امریکی ممالک کی معیشتیں دباؤ کا شکار

2022/03/27 15:31:21
شیئر:

امریکی فیڈرل ریزرو نے رواں ماہ شرح سود میں اضافے کا ایک سائیکل شروع کیا، جس سے لاطینی امریکی ممالک میں قیمتوں اور قرضوں کے دباؤ میں مزید اضافہ ہواہے۔ ایک ایسے وقت میں جب موجودہ معاشی صورتحال پیچیدہ ہے، فیڈرل ریزرو کی مانیٹری پالیسی میں تبدیلی نے وسیع  پیمانے پر تشویش کو جنم دیا ہے۔ 

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر  کرسٹلینا جارجیوا نے خبردار کیا ہے کہ امریکی پالیسی  سے کچھ ایسی معیشتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جن کی بحالی پہلے ہی کمزور ہے، بالخصوص ایسی معیشتیں جنہیں ڈالرز میں زیادہ  قرض کا سامنا ہے، کیونکہ امریکی شرح سود میں اضافہ ان معیشتوں کے لیے ڈالر  قرض  سے متعلق سروسنگ کی لاگت کو بڑھا سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق لاطینی امریکی ممالک نے افراط زر کو روکنے، قرضوں کے خطرات کو کم کرنے اور سرمائے کے اخراج میں کمی کی خاطر  شرح سود میں اضافے کے لیے امریکی فیڈرل ریزرو کی پیروی کی ہے۔ارجنٹائن اور میکسیکو کے علاوہ برازیل، چلی، پیرو، کولمبیا اور دیگر لاطینی امریکی ممالک نے بھی اس سال شرح سود میں اضافے کا اعلان کیا ہے اور بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔