بھارت روس سے کاربونائزڈ کوئلے کی درآمد کو دوگنا کرے گا

2022/03/28 10:54:20
شیئر:

رائٹرز کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ایک اجلاس میں بھارتی وزیر برائے سٹیل رام چندر پرساد سنگھ نےکہا کہ  بھارت روس سے درآمدکیے جانے والے کاربونائزڈ  کوئلے  کی مقدار کو دوگنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بھارت  ہتھیاروں سمیت بہت سی روسی اشیا کا بڑا خریدار ہے۔ کابونائزڈ کوئلہ ،سٹیل کی صنعت کے لیے ایک اہم خام مال ہے اور روس بھارت کو کابونائزڈ کوئلے اوربجلی کی پیداوار کے لیے کوئلہ  فراہم کرنے والا  چھٹا  بڑا ملک  ہے ۔فرانسیسی مشاورتی فرم کیپلر کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ کم از کم 1.06 ملین ٹن کاربونائزڈ اور تھرمل کول اس ماہ بھارتی  بندرگاہوں پر پہنچنے والا ہے، یہ مقدار جنوری 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
بھارت  کی طرف سے روس سے مجوزہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مغربی ممالک  یوکرین کی صورتحال کے باعث  روس پر غیر معمولی پابندیاں عائد کر رہے ہیں ۔ بھارت  یوکرین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ووٹنگ میں بارہا غیر حاضر رہا ہے۔
کابونائزڈ کوئلے کے علاوہ بھارت روس سے مزید تیل اور دیگر مصنوعات خریدنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ دو بھارتی  عہدیداروں نے اس ماہ کی 14 تاریخ کو رائٹرز کو بتایا کہ بھارت رعایتی  قیمتوں پر روسی تیل، کھاد اور دیگر مصنوعات لینے پر "خوش" ہے، اور پابندیوں سے بچنے کے لیے بھارتی روپے اور روسی روبل میں ادائیگیاں کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔