اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین میں انسانی بحران زیرِ غور چین کی انسانی جانوں کے تحفظ کی اپیل

2022/03/30 10:15:12
شیئر:
29 مارچ کو  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یوکرین میں انسانی بحران کا جائزہ لیا۔ اقوام متحدہ میں چین کےمستقل نائب مندوب ڈائی بنگ نے کہا کہ یوکرین تنازع میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور انسانی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ چین بین الاقوامی انسانی فلاح کے قانون کی پاسداری کرنے، شہریوں کی ہلاکتوں سے ہرممکنہ حد تک گریز کرنے، شہری تنصیبات  کی حفاظت، انسانی ہمدردی کے تحت رسائی اور انخلا کےمحفوظ راستے فراہم کرنے اور خوراک، پینے کے پانی، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کرتا ہے۔ خاص طور پر خواتین ، بچوں اورکمزور گروہوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔
ڈائی بنگ نے نشاندہی کی کہ بڑھتی ہوئی بلا امتیاز اور بے ربط پابندیاں عالمی توانائی، خوراک ، معیشت ، تجارت اور مالیاتی منڈیوں پر مزید اثر انداز ہوں گی،  ابھی بھی ان کے باعث  لوگوں کی معمول کی زندگی متاثر ہو رہی ہے اور نئے انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک جو کہ دنیا کی اکثریت پر مشتمل ہیں اس تنازعے کے فریق نہیں ہیں، انہیں اس تنازعے میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔ انہیں جیو پولیٹیکل تنازعات اور بڑی طاقتوں کے کھیل کے نتائج برداشت کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ پابندیوں کا نفاذ اور اقتصادی ناکہ بندی صرف مصنوعی طور پر خوراک کی قلت اور قیمتوں میں گڑبڑ کے مسئلے کو بڑھائے گی، خوراک کی عالمی صنعت اور سپلائی چین میں  مزید خلل ڈالے گی، خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کرے گی اور ترقی پذیر ممالک پر غیر ضروری بوجھ ڈالے گی۔ چین نے عالمی سطح پر غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔