ماورائے عدالت قتل کو نفرت انگیز جرم قرار دینے میں امریکہ کو سو سال سے زائد کا عرصہ لگ گیا، الجزیرہ کی رپورٹ

2022/04/02 17:28:36
شیئر:

امریکہ میں آج بھی مقامی قبائل اور اقلیتوں کو تعصب کا سامنا ہے۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے حالیہ دنوں ایک وفاقی قانون پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق ماورائے عدالت قتل کو نفرت انگیز جرم قرار دیا گیا ہے۔ امریکہ میں انسان حقوق کے علمبردار ادارے اور سول سوسائٹی گزشتہ سو سے زائد  برسوں سے ماورائے عدالت قتل کے جرائم پر آواز بلند کر ر ہے ہیں۔
اس قانون سازی کا نام 14 سالہ ایمیٹ ٹِل کے نام پر رکھا گیا ہے، جسے 1955 میں میسی سیپی میں ایک نسل پرستانہ حملے میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ ایک ایسا قومی سانحہ تھا جس نےملکی توجہ ان مظالم اور تشدد  کے واقعات کی طرف مبذول کرائی جس کا سامنا افریقی نژاد امریکیوں نے کیا۔ یہ واقعہ  امریکی سول سوسائٹی کی جانب سے انسانی حقوق کی تحریک کو متحرک کرنے کا موجب بنا۔