امریکی سینئر عہدہ داروں کا دورہ یوکرین

2022/04/26 14:13:04
شیئر:

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے 24 تاریخ کو یوکرین کے دارالحکومت کیف کا دورہ کیا اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔ روس کی جانب سے خصوصی فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد دو ماہ میں یہ پہلا موقع ہے جب امریکی حکومت نے باضابطہ طور پر کسی سینئر اہلکار کو یوکرین بھیجا ہے۔  فریقین کے درمیان تین گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت کے دوران یوکرین کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کی درخواست بھی زیر غور آئی۔

کیف کے اپنے دورے کے دوران، امریکی وزیر خارجہ بلنکن اور وزیر دفاع آسٹن نے اعلان کیا کہ امریکہ یوکرین اور دیگر 15 ممالک کو اضافی 713 ملین ڈالر کے ہتھیار اور آلات فراہم کرے گا۔

یوکرائنی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کم از کم چھ بڑے امریکی ٹرانسپورٹ طیارے 24 تاریخ کو پولینڈ کے شہر ریززو میں اترے، جو یوکرین کی سرحد سے تقریباً 90 کلومیٹر دور ہے۔یہاں  امریکی فوج کا ایک ہوائی اڈہ اور  فوجی اڈہ ہے۔ روس یوکرین تنازعہ کے بعد امریکہ کی قیادت میں نیٹو ممالک نے مسلسل پولینڈ سے گزر کر زمینی راستے سے ہتھیار اور سازوسامان یوکرین تک پہنچایا ہے۔

سی این این نے 21 تاریخ کو ایک مضمون بعنوان "مذاکرات کے ذریعے امن کا حصول ہی یوکرین میں جنگ کے خاتمے کا واحد راستہ ہے" شائع کیا۔  مضمون میں نشاندہی کی گئی ہے کہ "سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے یوکرین کی فوج کو جدید ہتھیار فراہم کرنا مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ ہمیں امن معاہدے کی ضرورت ہے۔"