روس کے خلاف امریکہ اور دیگر ممالک کی پابندیاں بالآخر ان کو ہی نقصان پہنچائیں گی، امریکی ماہر

2022/05/04 16:30:37
شیئر:

روس اور یوکرین کے درمیان تنازعات کا تسلسل اور امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے روس پر عائد پابندیوں نے عالمی سلامتی کی صورتحال پر بہت بڑا اثر ڈالا ہے۔ حال ہی میں امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی کے سیاسیات کے  پروفیسر رابرٹ لیگ فورڈ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک نے روس اور یوکرین کے معاملے میں بہت زیادہ مداخلت کی ہے اور بارہا مالیات اور توانائی کے شعبوں میں روس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ بظاہر یہ پابندیاں روس کی اقتصادی ترقی میں رکاوٹ ڈالتی ہیں لیکن اس کے نتیجے میں امریکہ اور دیگر مغربی ممالک سپلائی چین پر دباو اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کر رہے ہیں نتیجتاً عام لوگوں کو اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔

لیگ فورڈ کا خیال ہے کہ روس اور یوکرین کی صورتحال جس بھی کروٹ بیٹھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے،  امریکہ اور روس کے تعلقات 20ویں صدی کی سرد جنگ سےبھی زیادہ تشویشناک ہیں۔یہ تصادم بہت خطرناک ہے اور امریکہ اور روس کے تعلقات کی خرابی دنیا کی سلامتی اور استحکام کو متاثر کرے گی۔

لیگ فورڈ کی رائے میں روس-یوکرین بحران کی وجہ سے روس اور نیٹو ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ یا فوجی تصادم کے امکان کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ تمام ممالک کو جوہری ہتھیاروں اور اسلحے کے کنٹرول پر امریکہ اور روس کے بگڑتے تعلقات کے منفی اثرات سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے، اس سے عالمی استحکام کو  بے حدخطرہ لاحق  ہے۔