چینی صدر شی جن پھنگ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت

2022/05/31 19:21:54
شیئر:
31مئی کو چینی صدر شی جن پھنگ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔شی جن پھنگ نے اس جانب توجہ دلائی کہ دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے چین۔ عرب جامع تزویراتی شراکت داری مسلسل مستحکم اور بہتر  ہوئی ہے اور مختلف شعبوں میں دوستانہ تعاون تاریخ کی بہترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ موجودہ وبا کے تناظر میں، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کی بھرپور مدد کی، انسداد وبا کے خلاف گہرا تعاون کیا اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مستقل طور پر فروغ دیا، جس سے چین۔ عرب تعلقات کی لچک اور وسیع امکانات کی عکاسی ہوتی ہے۔ شی جن پھنگ نے رواں سال فروری میں شیخ محمد بن زید النیہان کی  بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر  فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی ترقی پر وسیع اتفاق رائے  کیا اور باہمی تعاون میں مثبت پیش رفت کی۔ چین متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوستی کو مضبوط بنانے، باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے اور تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے، تاکہ چین یو اے ای جامع اسٹریٹجک شراکت داری  کو مسلسل تقویت ملے اور دونوں عوام  مستفید ہو سکیں۔شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین قومی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے متحدہ عرب امارات کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور آزادانہ طور پر ترقی کی راہ تلاش کرنے میں اُس کی حمایت کرتا ہے۔
شیخ محمد بن زید النیہان نے کہا کہ انہیں رواں سال فروری میں چین میں منعقدہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر خوشی محسوس ہوئی اور صدر شی جن پھنگ سے  ملاقات بھی مفید رہی۔  فریقین نے وبا کے خلاف جنگ جیسے کئی شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا  کہ متحدہ عرب امارات ہر حال میں چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔