روسی تیل کی درآمد پر پابندی کے معاملے پر یورپی یونین کا اتفاق

2022/05/31 11:09:46
شیئر:

تیس مئی کو یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے سوشل میڈیا  پر اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین نے اس بات پر اتفاق کیاہے کہ روسی تیل کی درآمد پر پابندی لگائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ  روس کے سب سے بڑے بینک سبر بینک کو سوسائٹی فار ورلڈ وائیڈ انٹربینک فنانشل ٹیلی کمیونیکشن نیٹ ورک  (سوئفٹ) سے نکالاجائے گا نیز  روس کے تین سرکاری ذرائع ابلاغ  کو "بلیک لسٹ" کیا جائے گا ۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسلہ وان دیر لیین نے روسی تیل کی درآمد پر پابندی کے حوالے سے یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہاں کے اتفاق رائے کا خیر مقدم کیا۔

مئی کے اوائل میں، یورپی کمیشن نے روس کے خلاف پابندیوں کے چھٹے دور کی تجویز پیش کی، جس میں تیل پر پابندی جیسے اقدامات شامل تھے۔ اطلاعات کے مطابق ہنگری اور  سلوواکیہ سمیت یورپی یونین کے  دیگر ممالک نے روسی تیل کی درآمد پر پابندی سے انکار کیا تھا۔ تاہم ہنگری اور دیگر ممالک کو روس کے خلاف تازہ ترین پابندیوں کو قبول کرنے کے لیے، یورپی کمیشن نے تیل کی پابندی کے معاملے پر ایک بڑا سمجھوتہ کیا ہے۔

فی الحال، یورپی یونین نے روسی تیل پر پابندی کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا ہے۔