امریکہ میں گن وائلنس کی تشویش ناک صورتحال

2022/07/19 10:45:09
شیئر:

امریکہ میں فائرنگ کے واقعات مسلسل بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 تاریخ کی شام 6 بجے سے 18 تاریخ کی صبح 6 بجے  تک تقریباً 12 گھنٹوں کے دوران نیویارک شہر میں فائرنگ کے 9 واقعات رونما ہوئے جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔  نیویارک پولیس اسٹیشن  کے اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے ہفتے نیویارک میں فائرنگ واقعات کی تعداد اور شوٹنگ متاثرین کی تعداد میں اس سے قبل کے ہفتے کے مقابلے میں  بالترتیب 17فیصد  اور 35فیصد  اضافہ ہوا ہے۔ پندرہ تاریخ کی شام سے سترہ تاریخ کی شام تک  شکاگو میں  فائرنگ کے 22   واقعات پیش آئے ، جس کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور سات ہلاک ہوئے۔ اسی عرصے کے دوران،  ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں 18 افراد کو گولی ماری گئی جن میں سے چھ ہلاک ہو گئے۔

17 تاریخ کو سی این این نے امریکہ میں گن وائلنس کے پھیلاؤ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعات  نے امریکی عوام  کو خوفزدہ کرتے ہوئے ان کے  نام نہاد "امریکی خواب" کو چکنا چور کر دیا ہے۔  امریکہ میں گن وائلنس واقعات میں تیزی سے اضافہ ملک کا ایک غیر معمولی سنگین سماجی مسئلہ بن چکا ہے۔